بنکاک(آئی این پی) تھائی لینڈ میں نائٹ کلب میں آتشزدگی کے واقعے میں 13افراد ہلاک اور 41زخمی ہوگئے،غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی صوبہ چھونبوری میں رات گئے کلب مانٹین بی نائٹ اسپاٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑی جگہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔،کلب کی دیواروں پر آتش گیر فوم لگے ہونے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا اور کئی لوگوں کو جان بچانے کا موقع نہ مل سکا،شراب کے نشے میں دھت اور رقص و موسیقی کے شور کے باعث متعدد لوگوں کو شروع میں پتہ ہی نہ چلا کہ کیا آفت پیش آئی ہے اور جب صورتحال کی سنگینی کا اندازا ہوا اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی اور آگ نے باہر نکلنے کے رستے بند کردیے تھے،انٹرنیٹ پر واقعے کی ویڈیوز سامنے آئیں جس میں لوگ چیختے چلاتے کلب سے باہر بھاگ رہے ہیں اور ان کے کپڑوں میں آگ لگی ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی اور 2 گھنٹے میں آگ پر قابو پایا،ہلاک شدگان میں 4 خواتین اور 9 مرد ہیں جن کی نعشیں دروازے، بیت الخلا اور ڈی جے بوتھ کے پاس ملیں سب لوگ مقامی شہری تھے،پولیس نے آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تحقیقات شروع کردی ہیں، تھائی وزیراعظم جنرل برایوت چن اوچا نے ملک بھر میں کلبز کے مالکان سے کہا ہے کہ اپنے ہاں ہنگامی اخراج کے رستے بنائیں۔