عمران خان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا ، اسد عمر


 اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ یومِ استحصالِ کشمیر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ جموں و کشمیر پر بذریعہ جبر تسلط جمانے کی شرمناک ریاستی کوشش کی یاد دلاتا ہے انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو فسطائی مودی سرکار نے بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو پیروں تلے روندتے ہوئے کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کی5 اگست کا بھارتی اقدام اقوامِ عالم خصوصاً عالمی انصاف کے پہرہ داروں کیلئے ایک امتحان تھا، اسدعمر نے کہا کہ بدترین ریاستی جبر اور فوجی تسلط کا سامنا کرنے والے غیرت مند کشمیریوں نے بھارت سرکار کی آئینی یلغار کو بھی مسترد کیا 5 اگست کے بھارتی اقدام نے اہلِ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونکی برسوں پر محیط انسانی تاریخ کا بدترین محاصرہ اور زندگی کے بنیادی لوازم سے محرومی بھی کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہ کرسکیں اسدعمر نے کہا کہ ابتلاء  و آزمائش کے اس دور میں اہلِ کشمیر کو وزیراعظم عمران خان کی صورت میں توانا آواز میسر رہی بطور سفیرِ کشمیر عمران خان نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کیخلاف عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا پاکستان کی نتیجہ خیز سفارتکاری معاملے پر سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس کی صورت میں نمایاں ہوئی عمران خان کی کاوشوں سے مسئلہ کشمیر کی ٹھوس بازگشت او آئی سی میں بھی سنائی دی پاکستان تحریک انصاف آج بھی پوری قوت سے اہلِ کشمیر کی پشت پر کھڑی ہے انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیر میں برصغیر کی بدمعاش ریاست کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں،بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوامِ متحدہ 5 اگست کے یکطرفہ اور شرمناک اقدام کو رول بیک کروانے کی تدبیر کریں ۔

ای پیپر دی نیشن