کوئٹہ (آئی ا ین پی ) بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 170 سے تک پہنچ گئی ،کہ مجموعی طور پر صوبے بھر میں 15 ہزار 337 مکانات منہدم اور جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ 670 کلو میٹر مشتمل مختلف 6 شاہرائیں شدید متاثر ہوئی۔تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں سے ہونے والے ابتک کے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 170 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ جاں بحق ہونیوالوں میں خواتین و بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 72 مرد، 43 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں جبکہ اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار، کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئی۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 75 افراد زخمی ہوئے جبکہ زخمیوں میں 48 مرد، 11 خواتین اور 16 بچے شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر صوبے بھر میں 15 ہزار 337 مکانات منہدم اور جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ 670 کلو میٹر مشتمل مختلف 6 شاہرائیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر 16 پل ٹوٹ چکے ہیں جبکہ 23 ہزار 13 مال مویشی بھی مارے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 2 لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں، سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو نقصانات پہنچا ہے۔