بجلی بحران ، شارٹ فال 7 ہزار 461 میگاواٹ ، 12 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ 


  اسلام آ باد؍ گجرات (آئی این پی+ نامہ نگار) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار461 میگا واٹ ہوگیا۔ پاور ڈویژن  کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 20ہزار539 میگاواٹ اور طلب 28 ہزار میگا واٹ ہے۔ شارٹ فال کے باعث مختلف علاقوں میں 8 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ پانی سے 6 ہزار 900 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ سرکاری تھرمل پلانٹس 990 میگاواٹ اور نجی بجلی گھر 8 ہزار 550 میگا واٹ بجلی دے رہے ہیں۔ ملک میں جوہری ایندھن سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ گجرات  سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 15 گھنٹوں تک جا پہنچا۔ ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہری و مضافاتی علاقوں میں صارفین تلملا اٹھے۔ نمازوں کے اوقات کے دوران بھی بجلی کی بندش پر عوام پریشانی کا شکار رہے۔ ہر دو سے تین گھنٹے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ سے کاروباری زندگی اور گھریلو نظام زندگی شدید متاثر ہو کر رہ گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور بے جا ٹیکسز کیساتھ 6ہزار روپے سیلز ٹیکس کو سرا سر ظلم اور کھلم کھلا عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف مہیا کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن