راولپنڈی (اے پی پی) چیئرپرسن پیس اینڈ کلچرل آرگنائزیشن مشعال ملک نے کہا ہے کہ انتہا پسند بی جے پی مقبوضہ کشمیر کو ہندوتوا کی وادی بنانا چاہتی ہے، مقبوضہ کشمیر میں تین سال سے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں جتنا ظلم ہوا تاریخ میں نہ کبھی سنا اور نہ دیکھا ہے، فاشسٹ نریندر مودی اور بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 60 لاکھ بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کر کے وادی میں کشمیریوں کو اقلیت میں بدل رہا ہے، پنجاب آرٹس کونسل میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ احتجاجی ریلی اور بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش کے دوران انہوں نے کہا کہ میر ے شوہر یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا جہاں ان کی جان کو شدید خطرہ ہے، قابض بھارتی کشمیری شہدا کی لاشوں کی بے حرمتی کرتی ہے، اقوام متحدہ، سکیورٹی کونسل، یورپی یونین اور دیگر عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب بھارت کو اپنے مظالم کا حساب دینا ہوگا، آخر میں انہوں نے ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل وقار احمد اور ناہید منظور کا شکریہ ادا کیا۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد کا کہنا تھا کہ یاسین ملک صرف کشمیر کا نہیں اس خطے کے امن اور آزادی کی علامت ہے۔