چین نے امریکہ سے فوجی تعاون معطل ، نینسی پلوسی ، فیملی پر پابندی لگادی 

واشنگٹن (اے پی پی‘ نوائے وقت رپورٹ) امریکا نے  منٹ مین 3 بین البر اعظمی بیلسٹک میزائل تجربہ مؤخر کر دیا۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی  نے بتایا کہ چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ سے بچنے کے لیے امریکا کی  جانب سے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کچھ روز کے لئے موخر کر دیا گیا ہے۔ تاہم امریکی محکمہ دفاع نے اس حوالے سے ابھی تک  کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ دریں اثناء چین کی جانب سے امریکی سپیکر نینسی پلوسی کے تائیوان کے دورے پر سخت رد عمل دیتے ہوئے امریکا کے ساتھ فوجی اور ماحولیاتی معاملات میں تعاون کے تعلقات معطل کر دیئے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی سپیکر کے تائیوان کے دورے کے رد عمل میں چین کی جانب سے امریکا کے ساتھ عسکری مذاکرات اور ماحولیاتی تعاون کے تعلقات منقطع کرتے ہوئے امریکی سپیکر نینسی پلوسی پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ چین کا کہنا ہے کہ انہوں نے امریکا اور چین کی علاقائی فوجی کمانڈ کے درمیان فون کالز، ڈیفنس میٹنگز، میری ٹائم سیفٹی اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر بات چیت معطل کر دی ہے۔ امریکا کے ساتھ انسداد منشیات، غیرقانونی امیگرنٹس اور ٹرانس نیشنل کرائم میں ملوث شہریوں کے تبادلے کو بھی روک دیا گیا ہے۔ چین کی جانب سے امریکی سپیکر پر عائد کی جانے والی پابندیوں کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی تاہم نینسی پلوسی کی جانب سے تائیوانی دورے کے رد عمل پر ان پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے بیان کے مطابق نینسی پلوسی کے اشتعال انگیز اقدامات کی وجہ سے پلوسی اور ان کے اہلخانہ پر چین کے مروجہ قوانین کے تحت پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن