اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات شاہیرہ شاہد نے مظلوم کشمیریوں کی آوازکو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کیلئے مربوط معاون نظام وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کو مظلوم کشمیریوں کی آواز بننا چاہئے اور بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم وبربریت کا جو بازار گرم کررکھاہے دنیا کو اس سے آگاہ کرنا چاہئے، وزارت اطلاعات و نشریات کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے پیغام کو ہر ممکنہ دستیاب فورم پر اٹھائے۔ وہ جمعہ کو یوم استحصال کے تین سال مکمل ہونے پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کے زیر اہتمام پاک چائنہ سینٹر میں ڈیجیٹل تصویری اور فن پاروں کی نمائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی، ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کی ڈائریکٹر جنرل عمرانہ وزیر، ایم ڈی اے پی پی اختر منیر،ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی پی عدیلہ رباب کاظمی،اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیکرٹری اطلاعات ونشریا ت شاہیرہ شاہد نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں نہتے اورمعصوم شہریوں پرڈھائے جانے والے مظالم کو چھپانے اورکشمیریوں کی آواز کودبانے کیلئے میڈیا پر پابندیاں عائد کررکھی ہیں اور سوشل میڈیا کو بھی بند کررکھا ہے ، ایسے میں پاکستان کے ذرائع ابلاغ اور میڈیا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کشمیریوں پر جاری بھارتی بربریت کے حوالے سے وزارت اطلاعات ونشریات کی ذمہ داری ہے کہ ایسا ٹھوس اورمربوط معاون نظام وضع کیا جائے جسکے ذریعے مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا کے کونے کونے میں پہنچائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی داستانیں سن کر رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔
میڈیا کو مظلوم کشمیریوں کی آواز بننا چاہئے، شاہیر ہ شاہد
Aug 06, 2022