کراچی (نیوز رپورٹر)عالمی ادارہ صحت نے سندھ میںبارش متاثرین کیلئے امدادی سامان وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے حوالے کردیا، سامان میں ضروری اور جان بچانے والی ادویات، سرجیکل آئٹمز اور خیمے و کمبل شامل ہیں۔ پاکستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بارش سے متاثرہ افراد کیلئے امدادی سامان حکومت سندھ کے حوالے کردیا ہے۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے حکومت سندھ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کے وفد سے سامان وصول کیا، ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے حکومت سندھ اور عوام کی جانب سے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق سامان میں ضروری اور جان بچانے والی ادویات، پانی صاف کرنے کی گولیاں، سرجیکل ماسک، ہینڈ سینیٹائزر، مچھر دانیاں، خیمے اور کمبل شامل ہیں، سندھ میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 64 ہزار 886 افراد بارشوں سے متاثر ہیں۔ محکمہ صحت سندھ نے 2 ہزار 606 میڈیکل کیمپس لگائے جن میں 68 ہزار 576 مریضوں کا علاج کیا گیا ۔