کراچی (نیوز رپورٹر)ممتاز روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ ان کی جماعت دور بیٹھ کر خاموشی کے ساتھ ملک کی تمامتر سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے, ہم نے ابھی تک اپنے مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کا حتمی طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جب ملک میں نئے الیکشن کا وقت آئے گا تو پھر فیصلہ کریں گے کہ کس کے ساتھ چلنا ہے- کس کو گلے لگانا ہے اور کس سے دامن چھڑانا ہے - راجہ ہاوس میں ملاقات کے لئے آنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی الیکشن ہوتے ہیں بہت سے نئے سیاسی اتحاد بنتے , ہر کسی کی سیاسی ضرورت وقت کیمطابق تبدیل ہوتی رہتی ہے ہم بھی اپنی سیاسی ضرورتوں اور اپنی جماعت کے مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے - پیر صاحب پگارا نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپنے قول و فعل کا پاس رکھا ہے - گزشتہ دور حکومت میں عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جسے آخری وقت تک وعدہ نبھایا یہ اور بات ہے کہ عمران خان کے بہت سے اپنے ان کا ساتھ چھوڑ کر بھاگ گئے لیکن ہم اپنی جگہ مضبوطی سے ڈٹے رہے- پیر صاحب پگارا نے اپنے حالیہ دورہ لاہور کے بارے میں بڑے واضح انداز میں بتایا کہ اس دورے کی کوئی سیاسی نوعیت نہیں تھی بلکہ ان کے وہاں جانے کا مقصد اپنی والدہ کی بڑی بہن یعنی خالہ کے انتقال پر اپنے کزنز سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کرنا تھا - پیر صاحب نے بتایا کہ وہ دو روز تک لاہور میں اپنے گھر پر قیام پزیر رہے اور اس دوران ان کی چوہدری پرویز الہی سمیت کسی سے سیاسی شخصیت سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
ابھی تک اپنے مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کا فیصلہ نہیں کیا : پیر پگاڑا
Aug 06, 2022