کراچی (نیوز رپورٹر)وفاقی اْردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء نے کہا ہے کہ جامعہ کے تمام شعبہ جات کو بتدریج جدید سہولتوں سے آراستہ کرکے مثالی بنایا جائے گا اور ہر شعبے میں عالمی معیار جدید آلات سے آراستہ لیکچر ہال بھی قائم کیا جائے گا جہاں طلبہ عالمی جامعات سے منسلک ہوکر آن لائن لیکچرز کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔ اس کے علاوہ عبدالقدیر آڈیٹوریم کی بھی تزئین و آرائش کی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اکیڈمک کونسل کے33ویں اجلاس کی صدارت بذریعہ وڈیو لنک کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں قائم مقام رجسٹرار پرفیسر ڈاکٹر زرینہ علی، ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمک ڈاکٹر ثمرہ ضمیر، تمام رئوسائے کلیہ جات اور صدور شعبہ جات نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایم ایس،پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے اور فیسوں میں سالانہ اضافہ زیرِ غور لایا گیا۔فیصلے کے مطابق نئے سمسٹر کا آغاز 17 اگست2022سے کیا جائے گا۔شعبہ کمپیوٹر سائنس اور شعبہ ریاضیاتی علوم میں بذریعہ کورس ورک ایم ایس،ایم فل پروگرام کی منظوری دی گئی۔شیخ الجامعہ نے کہا کہ کہ امریکہ اور کینیڈا کی جامعات کے تعاون سے جامعہ اْردو کے 10طلبہ ریسرچ اسٹوڈنٹ سینڈوچ پروگرام میں وہاں تحقیق کرسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اْردو یونیورسٹی اور بین الاقوامی یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی کے باہمی اشراک سے شعبہ فارمیسی میں MOU دستخط کیا جارہا ہے جس کے تحت طلبہ کو تحقیق کی جدید سہولیات میسر آسکیں گی۔جامعہ اْردو کے تمام تدریسی شعبہ جات کا انفرااسٹرکچر اور وہاں تحقیق کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ طلبہ کو بہتر ماحول اور جدید تدریسی سہولیات میسر آسکیں۔شیخ الجامعہ نے اساتذہ کو ریسرچ پروجیکٹس تیار کرنے اور فنڈز لانے پر زور دیا نیز یہ بھی کہا کہ IPFP کے اساتذہ کو جامعہ اردو میں خوش آمدید کہا جائے گا۔