سید الشہدا کی قربانی تاقیامت فتح کا استعارہ ہے،نصرت بخاری


کراچی (نیوز رپورٹر)سید الشہدااور ان کے انصار کی قربانی تاقیامت فتح کا استعارہ ہے، امام عالی مقام کی شہادت نے مقتل کو مکتب میں تبدیل کردیا اورمکتب بھی وہ جو عالمگیر ہے۔اِن خیالات کا اظہار مقررین نے جامعہ این ای ڈی کے شعبہ کنٹرولر اسٹوڈنٹ افئیرز کے زیرِ اہتمام مرکزی آڈیٹوریم میں منعقدہ یومِ امامِ حسین  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جامعہ نے اپنی روایت کو قایم رکھتے ہوئے یومِ امامِ حسین ؑ کا انعقاد کیا جس سے معروف عالم دین نصرت عباس بخاری اور مفتی نوید عباسی نے خطاب کیا۔ فلسفہ حیات جاوداں پر روشنی ڈالتے ہوئے کلیدی مقرر آغا نصرت عباس بخاری نے کہا کہ حسینؑ ایک فرد نہیں نظریہ ہیں، انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت نے مقتل کو مکتب میں تبدیل کردیا اورمکتب بھی وہ جو عالمگیر ہے جس کی کوئی حد کوئی سرحد نہیں۔جو چاہے اور جب چاہے اس حسینی مکتب میں شامل ہوجائے۔انہوں نے نوجوانوں کی فکری تربیت کرتے ہوئے اس جانب توجہ مبذول کروائی کہ ظاہر ی معاملات کے پیچھے نہ دوڑیں، خود کو سوشل میڈیا کی دنیا کے خول میں قید نہ کریں بلکہ امام زمانہؑکے ناصران میں شامل ہوں۔ مفتی نوید عباسی کا کہنا تھا کہ امام عالی مقام کا سفر، ان کاقیام سب بقائے دین کے لیے تھا۔ امام حسین ؓ کی اپنے گھرانے اور رفقاکے ساتھ قربانی ایسی ہے کہ جس کوئی مِثل قرار نہیں دی جاسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک نماز پڑھی جاتی رہے گی تب تک حسین رضی اللہ عنہ زندہ ہیں۔ پرنسپل تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینیرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر رضا مہدی، ڈائریکٹر سروسز وصی الدین، اسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر الیاس خاکی نے بھی شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن