وہاڑی (نامہ نگار‘ کرائم رپورٹر) ضلع کونسل ہال میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔صدارت ڈپٹی کمشنر میاں محمد رفیق احسن نے کی۔ سیمینار میں مقررین اور طالب علموں نے تقاریر کے ذریعے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا ڈپٹی کمشنر میاں رفیق احسن نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزم ہیں کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور ہم سارا کشمیر لے کر رہیں گے آج کا دن بھارت کے ظالمانہ تسلط اورظلم وجبر کے خلاف آواز اٹھانے کا ہے کشمیر کی خصو صی حیثیت کرنے کا مقصد کشمیر میں کشمیریوں کے آبادی کے تناسب کو کم کرنا ہے ۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن بابر منظور دوگل نے کہا کہ بھارت نے آئین کے آرٹیکل میں تبدیلی کرکے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے ہیں جو ناقابل برداشت ہیں عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو رکوانے میں کردار ادا کرے ۔صدر انجمن تاجران ارشاد بھٹی نے کہا کہ بھارت اپنے مذموم عزائم سے باز آ جائے ورنہ پاکستان کا بچہ بچہ بھارت کی غنڈہ گردی کو پاش پاش کر دے گا صدر انجمن تاجران طاہر شریف گجر نے کہا کہ کشمیر جنت ہے جنت مسلمانوں کیلئے ہے ۔