لاہور(نمائندہ خصوصی)روحانی بزرگ حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر ؒ کے عرس کی تقریبات پاکپتن میں جاری ہیں اور اس حوالے سے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کی ہدایت پر زائرین کی سکیورٹی اور مدد کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ پاکپتن پولیس کے 1300 سے زائد افسران و اہلکار دربار حضرت بابا فرید کے اطراف میں چوبیس گھنٹے سکیورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور تمام راستوں پر 150 سی سی ٹی وی کیمروں سے لائیو مانیٹرنگ جاری ہے۔سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کیلئے دربار بابا فرید پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس میں متعین سٹاف صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کر رہا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدکہاکہ خواتین زائرین کی سکیورٹی کیلئے خواتین پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ پاکپتن پولیس کی طرف سے دربار بابا فرید ? سے ملحقہ چھتوں پر روف ٹاپ ڈیوٹی اور سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔دربار کے تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں، مکمل تلاشی کے بعد زائرین کو داخل کروایا جا رہا ہے۔ عرس پر آنے والے زائرین کی مدد اور سہولت کیلئے کمیونٹی پولیسنگ کے تحت اقدامات جاری ہیں۔