لاہور(نیوز رپورٹر)بزم اقبال کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ایک مجلس مذاکرہ کیا گیا۔ مذاکرہ میں مندرجہ ذیل اہل علم اور دانشوروں نے شرکت کی۔ میجر آفتاب احمد‘ چودھری ریاض احمد‘ سجاد میر‘ ڈاکٹر وحید الزمان طارق‘ جمیل بھٹی ، ڈاکٹر انجم رحمانی‘ ڈاکٹر خضر یسیٰن‘ افضل حق قرشی‘ قمر فاطمہ اور متعدد خواتین و حضرات، ڈائریکٹر بزم اقبال ڈاکٹر تحسین فراقی نے مسئلہ کشمیر کا پس منظر بتایا اور تحریک آزادیِ کشمیر کے سلسلے میں حکومت ہند کے مظالم کا بالتفصیل تذکرہ کیا۔ میجر آفتاب احمد نے تحریک آزادی کشمیر کے ایام کا تذکرہ کیا اور خود ہماری قومی کوتاہیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ قوم کی کردار سازی اور تحریک آزادی کیلئے عملی قدم اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ سجاد میر نے بتایا کہ ہندوستان کے مظالم کی دنیانے مذمت نہیں کی۔ دنیا سے منوانے کیلئے ضروری ہے کہ پہلے ہم اپنے آپ کو مضبوط بنائیں کیونکہ پاکستان کے استحکام کے ساتھ کشمیر کی آزادی وابستہ ہے۔ ڈاکٹر انجم رحمانی نے کہا کہ ہمیں جارحانہ پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ آخر میں ڈائریکٹر بزم اقبال نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور گفتگو کو سمٹیتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے ہم سفارتی سطح پر متحرک ہوں۔ سفارت خانوں میں ان لوگوں کا تقرر کیا جائے جو ان ممالک کی زبانیں جانتے اور ان کے تمدن سے بخوبی آگاہ ہوں علاوہ ازیں ہمیں اپنے ملک کو کو سیاسی اور معاشی سطح پر مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ معاشی خود انحصاری ملک کے استحکام کی ضمانت مہیا کرتی ہے۔
بزمِ اقبال کے زیر اہتمام یوم استحصالِ کشمیرپر مجلس مذاکرہ ،اہل علم ،دانشوروں کی شرکت
Aug 06, 2023