لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے چڑیا گھروں کی اپ گریڈیشن اور ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرانے کی اصولی منظوری دی گئی۔ محسن نقوی نے لاہور زو میں فیملی پیکیج، سمر پیکیج او ردیگر پیکیجز متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں لاہو رکے چڑیا گھر میں 146 سے زائد نئے جانور لانے کی منظوری دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ سری لنکا سے ہاتھی، آسٹریلیا سے کینگرو، چین سے پانڈا او ردیگر ممالک سے نئے جانور لائے جائیں گے اور جانوروں کے لئے ماڈرن کیج بنائے جائیں گے۔ سفاری پارک میں نائٹ سفاری شروع کرنے کی منظوری د ی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ سفاری زو میں افریقن ڈیزرٹ سفاری متعارف کرائی جائے گی اور لاہور سفاری زو میں ایکوریم میں 142 اقسام کی سمندری حیات بھی رکھی جائیں گی۔ محسن نقوی نے سفاری پارک میں جانوروں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور زو کے ہل ٹاپ پر برڈ سفاری بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے جلو پارک اور چھانگا مانگا زو کی اپ گریڈیشن کے لئے پلان طلب کر لیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ بھارت نے 5 اگست 2019ءکو غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کر کے کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کیا جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں کا سپیشل سٹیٹس چھین کر انسانیت کے خلاف جرم کیا اور کشمیری قوم کی شناخت ختم کرنے کی سازش کی۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو ان کے گھروں میں ہی قید کر رکھا ہے اور کشمیری نوجوانوں کو روزانہ جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشنز میں ماورائے عدالت شہید کیا جا رہا ہے جبکہ کشمیری قیادت پابند سلاسل ہے۔ بھارت کے تمام تر ظلم کشمیریوں کا جذبہ آزادی ماند نہ کر سکے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت شکایت سیل کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ شکایت سیل کو مکمل طور پر فعال کرنے کیلئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ عوام کے مسائل کے فوری حل کیلئے موثر اور فول پروف طریقہ کار وضع کیا جائے گا اور شکایت کے اندراج سے نمٹانے تک کے مراحل سے درخواست گزار کو آگاہ رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ شکایت سیل کی مانیٹرنگ کیلئے ہفتہ وار اجلاس کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہر محکمے میں ایڈیشنل سیکرٹری کو مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن مقر رکیا گیا ہے اور شکایت سیل کے ویب پیج پر درخواست لاگ ان ہو کر متعلقہ سیکرٹری کے پاس جائے گی۔
محسن نقوی
بھارت نے سازش سے کشمیریوں کی شناخت ختم کی : محسن نقوی
Aug 06, 2023