کراچی‘ خیرپور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پیپلزپارٹی کے رہنما منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ کل خواب دیکھا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کی خیریت نہیں اور آج ان کو سزا ہوئی ہے۔ خیرپور میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے زراعت منظور وسان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرمی بہت ہے اللہ کرے چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں اپنا وقت گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنے کا حق ملنا چاہئے۔ سندھ میں جے یو آئی اور جی ڈی اے کا کوئی مستقبل نہیں۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن وقت پر ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ منظور وسان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران سیٹ اپ فروری 2024ء سے آگے جا سکتا ہے۔ نگران حکومت کاکام الیکشن کرانا ہے مگر کچھ اور بھی کرے گی۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہاکہ سیکریٹ ایکٹ عوام کے مفاد میں نہیں، ایسا بل نہیں ہونا چاہیے جس سے عوام متاثر ہوں۔ منظور وسان نے کہا کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) ٹوٹ چکی، بچے ہوئے لوگ پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں ہوں گے۔
خواب دیکھا چیئرمین پی ٹی آئی کی خیریت نہیں‘ الیکشن وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے: منظور وسان
Aug 06, 2023