راولپنڈی (آئی این پی ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، 10 اگست کو اتحادی تتر بتر ہو جائیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ حکومت جو صرف چار دن کی مہمان اداکار رہ گئی ہے، ظلم و بربریت، چنگیزیت، دہشتگردی کی ایسی سیاہ تاریخ چھوڑ کر جا رہی ہے جو ہمیشہ سیاہ الفاظ میں یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہمارے گھروں سے گاڑیاں، گھڑیاں، کیش اور فون لے جاتی ہے، عورتوں اور بچوں کو لاپتہ کر دیتی ہے اور عدالتیں تماشہ دیکھتی رہ جاتی ہیں، اگر غلطی سے ان کی ضمانت لے لی جائے تو جیل کے دروازے پر ہی دوسرے کیس میں گرفتار کر لیا جاتا ہے، رات بھی اسلام آباد پولیس میری وجہ سے میرے دوست کے گھر توڑ پھوڑ کر کے ایک ملازم کو اٹھا کر لے گئی ہے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں پولیس کے حوالے سے آرمی چیف سے درخواست کروں گا کہ اپنی کسی ایجنسی کی ڈیوٹی لگائیں اور تحقیقات کرائیں، اشفاق وڑائچ، شفقت فیض اور سی پی او راولپنڈی کے رویے سے اداروں کے مقام اور شہرت کو ایسے لوگ کتنا نقصان پہنچا رہے ہیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے کل کے فیصلے نے الیکشن کمیشن کو واضح ہدایت جاری کر دی ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ ازخود آگے نہیں بڑھا سکتا، نگران وزیراعظم وہی آئے گا جس کو لانے والے لائیں گے باقی کمپنی کی مشہوری ہے اور جمعہ جنج کے ساتھ ہیں۔
ملک میں جنگل کا قانون ، 10 اگست کو اتحادی تتر بتر ہوجائیں گے، شیخ رشید
Aug 06, 2023