لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کے چیئرمین منتخب کر لیے گئے۔ ایم پی اے ملک اسد علی کھوکھر نے علی حیدر گیلانی کا نام تجویز اور ایم پی اے شازیہ عابد نے علی حیدر گیلانی کے نام کی تائید کی۔ اجلاس پنجاب اسمبلی کمیٹی روم ٹو میں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کے نو منتخب چیئرمین علی حیدر گیلانی نے کہا کہ کمیٹی ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، میں کمیٹی کو دیانتداری سے چلانے کی بھرپور کوشش کروں گا، علی حیدر گیلانی نے مذید کہا کہ کسی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا، اپنے عہدے سے انصاف کروں گا۔