دھیر کوٹ (نوائے وقت رپورٹ) جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیر کی تحریک میں فتح و کامرانی مجاہدوں کے قدم چومے گی۔ فضل الرحمان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی ایک تاریخ ہے، وہ حصول آزادی کے لئے ہے۔ آزادی کی تحریکیں ضروری نہیں کہ ماہ و سال میں اپنی منزل پا لیں۔ کشمیری مجاہد قوم ہونے کے ساتھ ساتھ مظلوم قوم بھی ہیں، کشمیر کی داستان صدیوں پر محیط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برصغیر میں آزادی کی جنگ دو سو سال سے زیادہ لڑی گئی۔ حالات اور جغرافیے بدلتے رہتے ہیں، نئی نسلوں کو نیا ماحول ملتا ہے، تمام تبدیلیوں کے باوجود آزادی کا نظریہ نسل در نسل نئی نسل تک پہنچتا ہے۔ ہندوستان نے غلط فیصلہ کیا، کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا، یہاں پاکستان کے اس وقت کے حکمرانوں نے خاموشی اختیار کی، پاکستان کے عوام، جوان اور قوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ فلسطین کی سرزمین پر یہودی آبادکاری، نئی بستیاں ناجائزعمل ہے۔
پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ‘ سرزمین فلسطین پر یہودی بستیاں ناجائز: فضل الرحمان
Aug 06, 2024