اسلام آباد (وقائع نگار) قومی اسمبلی کا اجلاس پی ٹی آئی ایم این اے ممتاز مصطفی کی رحلت کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔ این اے171 رحیم یار خان سے منتخب ممتاز مصطفی گذشتہ روز اچانک حرکت قلب بند ہونے کے باعث علیل ہوئے تو انہیں طبی امداد کے لئے پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو سپیکر نے ایوان کو بتایا کہ ہمارے ایک ساتھی رکن ممتاز مصطفی فوت ہو گئے ہیں۔ وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے ممتاز مصطفی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرانے پارلیمنٹیرین و شعلہ بیان مقرر تھے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے ممتاز مصطفی کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان سے وابستہ بہت شفیق اور ملنسار شخص تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمرایک ہمارا ساتھی ہم سے جدا ہو گیا، وہ ایک ملنسار شخص تھے۔