لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) 5 اگست 2019ء کو کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے پر نوائے وقت گروپ کے زیراہتمام بھارتی غیر آئینی اقدام اور فوجی محاصرہ کے خلاف یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ نوائے وقت گروپ کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کی زیر قیادت کوئینز روڈ پر مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں نوائے وقت کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود، مینجر ہیومین ریسورسز چودھری شفیق سلطان، ہیڈ آف اکاؤنٹس عماد صدیقی، سپیشل کارسپانڈنٹ خاور عباس سندھو، منیجرز سرکولیشن نذیر عابد سندھو و صغیر امجد، ڈسٹرکٹ ڈیسک انچارج اشفاق بھٹی، اوکاڑہ سے نمائندہ حافظ حسنین احمد، محمد خالد، محمد ندیم جونیئر، حاجی امین، محمد عباس، جارج بش اور مینوئل سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے پانچ سال مکمل ہوگئے ہیں جس کے خلاف نوائے وقت کا احتجاج پہلے دن سے جاری ہے اور اس حوالے سے نوائے وقت کے فرنٹ پیج پر بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر پر فوجی محاصرہ کے خلاف ایک ایک دن کا اضافہ عالمی دنیا کو بتایا جارہا ہے۔ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر لمحہ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ بھارت کے غیر آئینی اقدام کے بعد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں تیزی آئی۔ یہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہو کر رہے گی۔ منیجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی کی قیادت میں نوائے وقت نے بھارتی کے غیر آئینی اقدام کے خلاف ہر روز اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اور یہ سلسلہ مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل تک جاری رہے گا۔