اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم اتھارٹی (نیکٹا) کانفرنس میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف اداروں کی مشترکہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نیکٹا کی ماہانہ کاؤنٹر ٹیررزم انٹیلی جنس کانفرنس ہوئی جس میں پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ نیکٹا اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں ملک کی سکیورٹی صورتحال اورممکنہ خطرات کا جائزہ لیا گیا اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان قابل عمل انٹیلی جنس کا تبادلہ کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ کالعدم قرار دی گئی تنظیموں بشمول حافظ بہادر گروپ اور مجید بریگیڈ کے خلاف آئندہ کے اقدامات پرغور کیا۔ کانفرنس میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کیا اور کہا کہ پاکستان کو مکمل طور پر محفوظ اور پرامن ملک بنایا جائے گا۔