برطانوی وزیراعظم نے نسل پرستانہ فسادات پر قابو پانے کیلئے کوبرا میٹنگ طلب کر لی 

لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے نسل پرستانہ فسادات پر قابو پانے کے لیے 'کوبرا' میٹنگ طلب کرلی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں کوبرا میٹنگ حالت جنگ جیسی صورتحال میں بلائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اجلاس میں گزشتہ ہفتے ہونے والے نسل پرستانہ حملوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی پر غور کیا جائے گا۔ برطانوی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ اب تک ڈیڑھ سو شرپسندوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور سیکڑوں کی ویڈیوز سے نشاندہی ہوچکی ہے، شرپسندوں کے لیے جیلیں تیار کرلی گئی ہیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ خیال رہے کہ برطانیہ میں دائیں بازو کے حامی ساؤتھ پورٹ میں بچوں کے قتل کے بعد سے احتجاج کر رہے ہیں۔ احتجاج اور نسل پرستانہ فسادات میں مسلمانوں اور ان کی املاک کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کا کہنا ہے کہ مسلم کمیونٹی اور مساجد کی حفاظت کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن