صوابی جلسہ : پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں جلسے ، اگلے ماہ لانگ مارچ کا اعلان کردیا 

صوابی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے  علی امین گنڈاپور نے کہا ہے بطور وزیراعلیٰ اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کر رہا ہوں، جلسے کیلئے کوئی بھی جگہ دے دو، این او سی کی درخواست کے باوجود اجازت نہ دی گئی تو ڈی چوک پر جلسہ ہوگا۔ صوابی میں تحریک انصاف کے جلسہ  سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  نظریہ نہ ہی قید ہو سکتا ہے نہ ہی ختم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا  عوام بتا رہے ہیں  ہم نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں۔ ہمارا اسلام آباد میں جلسہ تھا، اب ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں  نے کہا  اگست کے آخری ہفتے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہمارا اسلام آباد میں جلسہ ہوگا، کوئی روک سکے تو روک لو، دما دم مست قلندر ہونے دو۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا مسلم لیگ ن فوج اور تحریک انصاف میں دراڑ ڈال رہی ہے، ہم نے مسلم لیگ ن کی اس سازش کو ناکام بنانا ہے۔ عمر ایوب نے کہا  حکومت  نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، جب بانی پی ٹی آئی کی کال آئے گی سب نے لبیک کہنا ہے۔ حماد اظہر نے کہا کٹھ پتلی حکمرانوں نے معیشت کو منفی کر دیا، ہمیں دبانے کے لیے جمہوری روایات کو روندا گیا، ہم نے آئین و قانون کے راستے کو نہیں چھوڑا، انہوں  نے ستمبر میں لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ، ہم چاہتے ہیں دوریاں ختم ہوں، انشااللہ بہت جلد بانی پی ٹی آئی ہمارے درمیان ہوں گے، ہم ملک میں آزاد عدلیہ چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ڈٹے رہیں گے۔اسد قیصر نے کہا یہ جلسہ تاریخ بھی ہے اور انقلاب بھی ، ہم اس ملک کو آئین کے مطابق چلائیں گے، پاکستان میں تمام شہریوں کے حقوق یکساں ہیں۔انہوں نے کہا  بلوچستان میں لوگوں کے حقوق کو دبایا جا رہا ہے، خیبرپی کے کی ہماری حکومت کو ناکام بنانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے، علی امین گنڈا پور تگڑا ہے مقابلہ کرے گا، اس موقع پر تقریر کے دوران اسد قیصر کی طبعیت خراب ہو گئی۔ علی محمد خان نے کہا  بانی پی ٹی آئی کو انصاف دیا جائے، ایک سال ہوگیا کیا بانی پی ٹی آئی یا ہمارا ورکر ٹوٹا؟ مان لو تم ہار گئے ہو۔علی محمد خان  نے کہا  بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک مسائل حل نہیں ہوں گے، بانی پی ٹی آئی ملنگ ہے جا کر معافی مانگ لو، پریس کانفرنسیں کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن