وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ کے اختتام تک آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے سٹاف لیول معاہدے کی منظوری ہوجائے گی، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے معاہدے کی منظوری کے بعد کلائمیٹ فنانسنگ پر بھی بات چیت کی جائے گی۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں سالانہ میٹنگ کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے کلائمیٹ فنانسنگ پر بات ہو گی، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے ساتھ ساتھ آبادی کنٹرول کو کرنا ہو گا،پاکستان میں آبادی بہت زیادہ بڑھ چکی ملک میں آبادی بڑھنے کا بم پھٹ چکا ہے۔وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے موسمیاتی تبدیلی کی فنانسنگ کیلئے موثر منصوبے بنانا ہوں گے، ملکی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے بجٹ، ٹیکس اقدامات، انرجی سیکٹر، معیار زندگی کو بہتر بنانا ہو گا، موسمیاتی تبدیلی آئی ایم ایف اور عالمی بنک کیساتھ ملکر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور عالمی بنک کیساتھ ملکر موسمیاتی تبدیلی کی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو بہتر بنایا جائے گا ،موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کیلئے ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں پر مبنی اہم پالیسیاں بنانا ہوں گی ،ملکی معشیت کو بہتر بنانے کیلئے نجی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔