آئندہ 24گھنٹوں میں پنجاب میں مون سون بارشوں کے امکانات :پی ڈی ایم اے

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مری 18 ملی میٹر رحیم یار خان 17 چکوال 12 اور جوہرآباد میں بھی 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے،تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، مون سون بارشوں کا سپیل 6اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر تمام تر انتظامات مکمل ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ اور متعلقہ محکمے الرٹ ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں، رواں سال مون سون سیزن میں54شہری جاں بحق اور141زخمی ہوئے، آسمانی بجلی اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جا رہی ہے ۔احتیاطی تدابیر اختیار کر کے قیمتی جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے ، کمزور و بوسیدہ عمارتوں میں ہرگز رہائش پذیر نہ ہوں،ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائین 1129 پر رابطہ کریں۔

ای پیپر دی نیشن