تحریک انصاف کا ڈرامہ ناکام رہا، نیٹو کو کوئی مشکل پیش نہیں آئی: رانا ثناء

لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا ڈرون ڈرامہ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان کی سوچ بچگانہ، جذباتی اور اتفاق رائے کی سوچ سے عاری ہے، ڈرون حملے اور نیٹو سپلائی حیات آباد ٹول پلازے پر لوٹ مار، پرس چھیننے اور نعرے بازی سے بند نہیں ہو گی اس کے لئے اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا، کالا باغ ڈیم چاروں صوبوں میں اتفاق رائے کے بغیر ممکن نہیں۔ جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ رولز کے تحت آنے والی حکومت کو یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ کلیدی عہدوں پر اپنی مرضی کے افسران کی تقرری کرے تاکہ وہ اپنے منشور پر بہتر انداز میں عمل کر سکے، جہاں تک چیئرمین نادرا طارق ملک کی برطرفی کا تعلق ہے تو وہ رولز کے مطابق ہوئی لیکن اب یہ معاملہ عدالت میں ہے وہ جو بھی فیصلہ کرے گی ہمیں منظور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈرون گرا بھی سکتا ہے اور نیٹو سپلائی روک بھی سکتا ہے لیکن یہ سب کچھ اسی صورت ممکن ہے جب اس پر قومی اتفاق رائے ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی بھی رکن اسمبلی کو ایک دمڑی بھی نہیں دی صرف ان سے ترقیاتی منصوبوں کے لئے سکیمیں مانگی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور دیگر ممبران سے ہمارا پیار محبت کا رشتہ ہے اور اپوزیشن لیڈر سے رات کے کھانوں پر بھی ملاقات ہوتی رہتی ہے۔ عدالت کے حکم پر پہلے بھی سر تسلیم خم کیا اب بھی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جو تاریخ دی جائے گی اس پر عمل کریں گے، سانحہ راولپنڈی کے حوالے سے جن پولیس افسران کو غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے ان کے خلاف چارج شیٹ کا فیصلہ ایک ماہ میں کر لیا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ بنا کر رکھنے کی مجبوری نہیں، نیٹو ایک ملک کا نہیں بہت سے ممالک کا ادارہ ہے، ان کے ساتھ تعلقات نہیں بگاڑے جا سکتے۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...