ہنگو (نوائے وقت نیوز+ نامہ نگار) لوئر اورکزئی ایجنسی میں خیبر ایجنسی کی حدود سے تین راکٹ فائر کئے گئے جس کے باعث ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ 6 اہلکاروں سمیت 7 زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو کلایہ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیٹیکل انتظامیہ اورکزئی ایجنسی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ کلایہ پر خیبر ایجنسی کے حدود سے تین راکٹ فائر کئے گئے جس میں ایک راکٹ علاقہ خان میلہ میں گرا دوسرا راکٹ ہیڈ کوارٹر کے اندر ہسپتال میں گرا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ تیسرا راکٹ جمعہ کی نماز کے دوران ہیڈ کوارٹر کے اندر مسجد کے قریب گرا جس سے دھماکے دوران فرنٹیئر کور کے نائب صوبیدار صنوبر خان جاں شہید جبکہ 6اہلکاروں سمیت 7افراد شدید زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں اورکزئی ایجنسی کے علاقہ چھپر مشتی میں دہشت گردوں کی گاڑی اُلٹنے سے دو اہم کمانڈروں سمیت 7زخمی ہو گئے جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ گزشتہ روز اپر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ چھپر مشتی میں عسکریت پسند نامعلوم مقام کی طرف جا رہے تھے کہ ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس میں دو اہم کمانڈروں ہادی گل عرف یاسر اور رشید سمیت 7 زخمی ہو گئے۔
اورکزئی: خیبر ایجنسی کی حدود سے3 راکٹ فائر، ایک ایف سی اہلکار شہید ،7 زخمی
Dec 06, 2014