کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت چھ افراد ہلاک اور اے این پی کے علاقائی عہدیدار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ اے این پی کے علاقائی عہدیدار مراد خان جو ڈسٹرکٹ ویسٹ کے جنرل سیکرٹری ہیں کو اورنگی ٹائون نمبر پانچ میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ آغا خان ہسپتال میں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے قبل ازیں جمعہ کی صبح اورنگی ٹائون ہی میں مسلح افراد نے 30 سالہ کامران کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا جبکہ لانڈھی نمبر چار زمان آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ غلام حسین ہلاک اور جعفر علی زخمی ہوگیا۔ ادھر محمود آباد کے علاقے اعظم بستی میں شادی شدہ عورت عظمیٰ کو گلا گھونٹ کر ہلا ک کر دیا گیا اور فیڈرل بی ایریا میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے 28 سالہ کاشف کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا جبکہ ڈیفنس کے علاقے توحید کمرشل ایریا اور گلشن معمار سے دو افراد کی نعشیں ملیں جنہیں تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کی عمریں30 اور 35 سال کے درمیان تھیں۔