لاہور (خصوصی رپورٹر) قومی ائر لائن پی آئی اے نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کیلئے اندرون و بیرون ملک کرایوں میں 20 سے 25 فیصد تک کمی کردی ہے۔ اندرون ملک کرایوں میں 2 سے ڈھائی ہزار روپے جبکہ بیرون ملک پروازوں کے کرائے میں 5 ہزار سے 10 ہزار روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔ سب سے زیادہ کرایہ لندن کے لئے پروازوں کا گھٹایا گیا ہے جو کہ 10 ہزار روپے ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق بیرون ملک کرایوں میں کمی دوپہر اور شام کی پروازوں کے لئے کی گئی ہے جبکہ صبح کے وقت جانے والی پروازوں کے کرائے حسب سابق رہیں گے۔ واضح رہے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ مسلم لیگ ن ورکرز آرگنائزیشن کے صدر خواجہ محمود احمد، تحریک استقلال کے صدر رحمت خان وردگ اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما امیر حیدر ہوتی نے کرایوں میں کمی کا خیرمقدم کیا ہے۔ دریں اثناءپی آئی اے نے پشاور سے دوبئی کے لئے پروازیں شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ 18 دسمبر کو پشاور سے دوبئی کو پہلی پرواز جائے گی۔
پی آئی اے/ کرائے کمی
پی آئی اے کا اندرون و بیرون ملک کرایوں میں 20 سے 25 فیصد کمی کا اعلان
Dec 06, 2014