لاہور (خصوصی رپورٹر) ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ پنجاب کے 12 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کا تیسرا مرحلہ پرامن طریقے سے مکمل ہوا اور وزیراعلی محمد شہباز شریف کی زیرو ٹالرنس پالیسی کارگر ثابت ہوئی۔ ترجمان نے خصوصی بیان میں کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے حکومت پنجاب کی حکمت عملی کامیاب رہی۔ حکومت نے تمام امیدواروں پر اسلحہ جمع کروانے کی پابندی عائد کی جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے اور لڑائی جھگڑوں کے 13واقعات رپورٹ ہوئے۔ اکا دکا واقعات کے علاوہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔