لاہور ( کامرس رپورٹر) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپٹما ) نے ملک بھر میں بجلی اور گیس کی یکساں قیمت مقرر کرنے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر تمام ٹیکسٹائل ایسوسی ایشنز کی رائونڈ ٹیبل کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان گزشتہ روز اپٹما پنجاب کے چیئرمین سید علی احسان نے اپٹما ہائوس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ رائونڈ ٹیبل کانفرنس رواں ہفتے کے آخر میں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل صنعت دوسرے صوبوں کے مقابلے میں انرجی کی زائد قیمت کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ،پنجاب میں اب تک صرف اسی وجہ سے 35فیصد ٹیکسٹائل ملیں بند ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6دسمبر کی ہڑتال کا اعلان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی پر موخر کیا گیا ہے اسے ختم نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تمام ٹیکسٹائل اندسٹری کی ایسوسی ایشنز کا وفد آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی سے مذاکرات کرنے جا رہا ہے ۔