کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل‘ عالمی برادری معاملہ حل کرانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کرے: صدر آزاد کشمیر

واشنگٹن (آئی این پی) صدرآزاد جموں و کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں، بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشتگردی سے منسلک کرنا درست نہیں ،کشمیری آزادی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا مسئلہ کشمیر حل کئے بغیرجنوبی ایشیا میں امن کا قیام ممکن نہیں مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی نہیں ہورہی اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی جدوجہدکو دہشتگردی سے منسلک کرنا درست نہیں۔ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے سیاسی جدوجہدکررہے ہیں۔ کشمیر، پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیرکے تین فریق ہیں۔ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعملدرآمد نہ کرنیکا ذمہ دارہے۔انہوں نے بھارت میں ہندوانتہا پسندی پرتشویش کا بھی اظہار کیا۔ مسعود خان نے کہاکہ کشمیری سیاسی مستقبل اور ریاستی الحاق کیلئے قسمت کافیصلہ خود کریں گے۔ دوسری طرف پاکستانی سفارتخانے میں کمیونٹی اجتماع سے خطاب میں کہا مسعود خان نے کہا پاکستان اورکشمیر کو ایک دوسرے سے علیحدہ نہیں کیا جاسکتا جبکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، امریکہ سمیت دنیا بھرمیں کشمیری کمیونٹی نے مسئلہ کشمیر زندہ رکھا جب کہ بھارت کے پاس کشمیریوں کے مطالبات ماننے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کشمیریوں کی عالمی برادری تک رسائی کیلئے واحد خودمختارآواز ہے، امریکہ مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرے اور عالمی برادری مسئلہ کشمیرکے دیرپا حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرے انہوں نے کہا کشمیری عوام بھارت سے آزادی کے حصول کیلئے سیاسی جنگ لڑرہے ہیں، اس لیے عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے آگے آئے۔

ای پیپر دی نیشن