روہنگیا مسلمانوں پر مظالم‘ یو این انسانی حقوق کونسل میں میانمار کیخلاف قرارداد منظور

Dec 06, 2017

جنیوا (این این آئی+ اے ایف پی+نوائے وقت رپورٹ) اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم پر میانمار کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد بنگلہ دیش نے پیش کی۔ 33 ممالک نے قرارداد کی حمایت اور تین نے مخالفت کی 9 ممالک نے رائے شمار میں حصہ نہیں لیا کونسل نے کہا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر منظم تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ میانمار حکومت متاثرین کو انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائے۔ تفتیش کاروں‘ امداد کارکنوں کو رخائن جانے دیا جائے۔بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ نے کمبوڈیا کے اپنے ہم منصب ہن سین سے ملاقات کی۔ غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اس دوران تجارت، اقتصادیات اور تکنیکی شعبے میں کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ شیخ حسینہ نے اس موقع پر ہن سین سے روہنگیا بحران کے تناظر میں تعاون کی درخواست بھی کی۔ ان کے بقول اس بحران کا ایک دیرپا حل تلاش کرنا ضروری ہے کیونکہ اس طرح پورا خطہ غیر مستحکم ہو سکتا ہے۔ بنگلہ دیشی وزیر اعظم آج (بدھ کو) ڈھاکا واپس پہنچ جائیں گی۔ ادھر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشن کے سربراہ رعد الحسین نے میانمار میں فوج کے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی ازسرنو انکوائری کا مطالبہ کرتے کہا ممکن ہے بعض عناصر نسل کشی میں ملوث ہوں۔

مزیدخبریں