اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ عالمگیر ہفتہ وحدت و اخوت کی تقریبات بدھ( 17ربیع الاول )کو عروج پر پہنچ جائیں گی،ملک بھر میں جشن میلادالنبی ؐ اور حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت پُرنور کے موقع پر ’’جشن صادقین ‘‘کی روح پرور اور پر نور تقریبات کا انعقادہوگا۔ پروگراموں کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی ہفتہ وحدت و اخو ت کمیٹی کا اجلاس مرکزی کنوینر میثم تمار کی صدارت میں منعقد ہوا۔اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے میثم تمار نے کہا کہ اسلام اخلاق حسنہ سے عبارت ہے یہی اسوہ رسول ؐوآل رسول ؑہے جوسرفرازی و کامیابی کا زریں اصول ہے ۔درایں اثنا ء قصر خدیجہ الکبریٰ ترلائی کلاں میں محفل صادقین سے علامہ بشارت امامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسوہ رسول ؐ منافقت کی موت اور حق کی ابدی فتح ہے ۔