نیب بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا ہے، امتیاز تاجور

اسلام آباد (نا مہ نگار)نیب کے ڈپٹی چیئرمین امتیاز تاجور نے کہا ہے کہ نیب، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی قیادت میں ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا ہے جس کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار جس کا عنوان ’’بدعنوانی قوت بازو پر اعتماد کی قاتل ہے‘‘ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہے، نوجوانوں کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے نیب نے اب تک ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں تقریباً 45 ہزار کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیاں بنائی ہیں جو کہ اپنی اپنی درسگاہوں میں بدعنوانی کے ملکی ترقی پر اثرات کے بارے میں اپنے دوستوں اور گھر میں آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب راولپنڈی نے راولپنڈی/اسلام آباد کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تقریری، مقابلہ مصوری اور مضامین نویسی کے جو مقابلے منعقد کرائے ہیں ان کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی نے سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے کامیاب طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

ای پیپر دی نیشن