لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا یافتہ شرجیل خان پی سی بی کیخلاف پھٹ پڑے۔ وکیل شیغان اعجاز کیساتھ پریس کانفرنس کے دوران شرجیل خان کا کہنا تھا کہ زبردستی سپاٹ فکسر بنایا جا رہا ہے، چیئرمین بورڈ میرے دلائل سنیں، وزیر اعظم، قائمہ کمیٹی برائے سپورٹس اور آرمی چیف بھی معاملے کا نوٹس لیں۔ حلف اٹھا کر کہتا ہوں کوئی غلط کام نہیں کیا، انصاف کی امید تھی لیکن میرے ساتھ زیادتی ہوئی، اینٹی کرپشن یونٹ نے مجھے جان بوجھ کر اس معاملے میں پھنسایا۔ کیس بنانے کے بعد پی سی بی اینٹی کرپشن ٹریبیونل میں سماعت کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ میں ترمیم کی گئی، یہ بات پی سی بی کی نیک نیتی کیخلاف جاتی ہے، ناکردہ جرم میں سزا میرے اور فیملی کیلیے تکلیف کا باعث بنی۔ الزامات سے کلیئر ہونے کے لیے آخری حد تک جاوں گا، ٹریبیونل اور اپیل کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔