اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کا قتل عام دیکھا، شہباز شریف، رانا ثناء اللہ ذمہ دار ہیں۔ رپورٹ میں سب آ گیا پولیس ایکشن روکنے کے شہباز شریف کے حکم کے شواہد نہیں ملے، نواز شریف، شہباز شریف کی پرانی تاریخ ہے، یہ فاشسٹ ہیں۔ ماڈل ٹائون کا سانحہ پوری قوم نے دیکھا شریف برادران نے طاہر القادری کو سبق سکھانے کی کوشش کی، پنجاب حکومت کو توقع نہیں تھی کہ ماڈل ٹائون میں مزاحمت ہو گی شہباز شریف ماڈل ٹائون کیس میں قصور وار قرار پائیں گے شہباز شریف حدیبیہ پیپر ملز کیس سے بھی نہیں نکل سکیں گے سانحہ ماڈل ٹائون پر طاہر القادری کا ہر طرح سے ساتھ دوں گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ پر ایکشن نہیں لیا گیا تو ایسے واقعات دوبارہ ہو سکتے ہیں۔ نہتے افراد بالخصوص خواتین کو بیدردی سے گولیاں ماری گئیں اگر آج حق کا ساتھ نہیں دیں گے تو مظالم ہوتے رہیں گے۔ ایک سوال پر کہا اب پاکستان میں مارشل لاء کوئی قبول نہیں کرے گا ن لیگ کی سی ای سی میں 6 افراد شریف خاندان کے شامل ہیں۔ باقر نجفی رپورٹ نہ بھی دیکھتا تو پتہ تھا دو ہی لوگ ملوث ہیں بدقسمتی سے جو ڈکٹیٹر آتا تھا وہ جمہوری بننا چاہتا تھا پرویزمشرف کے ریفرنڈم کی حمایت کرنا میری غلطی تھی۔ اب پاکستان میں کسی ڈکٹیٹر کو کوئی قبول نہیں کرے گا۔ عمران نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے اندر سے مفادات ایک ہیں، دونوں کا نظریہ کرپشن ہے، اگر این آر او ہوا تو ہماری پارٹی احتجاج کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ آج حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے، نوازشریف تو چلے گئے اب رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد شہبازشریف کی سیاست کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔ میاں محمود الرشید نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف اور وزیر قانون رانا ثناء اللہ فوری مستعفی ہوجائیں۔ مواخذے کی تحریک پیش کریں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج انصاف کی جیت ہوئی ہے ہر شہری چاہتا ہے کہ ماڈل ٹائون متاثرین کو انصاف ملے، انکوائری رپورٹ میں ملزمان کا تعین ہوچکا ہے۔ پہلے ایک جج اور اب 3ججز نے فیصلہ دیا ہے، رپورٹ منظر عام پر آنے سے امن وامان کیسے خراب ہوگا سمجھ سے باہر ہے، پنجاب حکومت کا موقف مضحکہ خیز ہے۔
مارشل لاء کوئی قبول نہیں کریگا، ماڈل ٹائون کیس میں طاہر القادری کا ساتھ دینگے: عمران
Dec 06, 2017