بورڈ آئی سی سی کے دکھاوے کیلئے ا سپاٹ فکسنگ سکینڈل کا ڈرامہ کر رہا ہے، وکیل

لاہور(سپورٹس رپورٹر)شرجیل خان کے وکیل شیگان اعجازنے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ نے شرجیل خان کے فیصلہ سے تین دن پہلے اپنے آئین میں خفیہ ترمیم کی۔لاہور میں اپنے مئوکل شرجیل خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیگان اعجاز نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے دکھاوے کیلئے ا سپاٹ فکسنگ سکینڈل کا ڈرامہ کر رہا ہے، اپنے موقف کو درست ثابت کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں کیس دائر کرنے جارہے ہیں۔ شیگان اعجاز نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ بورڈ نے شرجیل خان کو سزا سنانے سے تین دن قبل اٹھائیس جولائی کو اپنے آئین میں ترمیم کر دی کہ کھلاڑی ٹریبونل کے فیصلے کو پاکستانی عدالتوں میں چیلنج نہیں کرسکتے۔ اور اچانک یہ شق بھی شامل کردی کہ کھلاڑی فیصلے کو صرف انٹرنیشنل کورٹ آف آربیٹرییشن میں چیلنج کرسکتے ہیں جہاں ڈیڑھ کروڑ روپیہ خرچہ ہے۔ شیگان اعجاز نے کہاکہ اس ترمیم سے ٹریبونل اور فریقین کو لاعلم رکھا گیا۔ شیگان اعجاز نے دعویٰ کیا کہ کرکٹ بورڈ نے بیٹ دکھانے اور خریدے جانے والی کہانی خود گھڑی ہوئی ہے۔ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ دبئی میں اس واقعہ سے قبل آئی سی سی اور پی سی بی انٹی کرپشن یونٹ یا اعلی افسران کی کوئی میٹنگ ہوئی ہو، کرکٹ بورڈ کا ایڈونس انفارمیشن والا بیان جھوٹا اور من گھڑت ہے، پہلے سے انفارمیشن پی سی بی کو ثابت نہیں کرسکا۔ شیگان اعجاز نے کہا کہ کرنل اعظم نے ذمہ داری ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کو آگاہ نہیں کیا، یہ کیس محض دکھاوا اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن