اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاک چین معاشی راہداری منصوبہ ،پاکستان کو خطہ کی تجارت کا مرکز بنا دے گا۔ بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انہوں نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کیلئے تعمیر کئے جانے والے 600ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل کی لانچنگکی گزشتہ روز منعقد ہونے والی تقریب سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یہ پیٹرول جہاز اسٹیٹ آف دی آرٹ کثیرالمقاصد جہاز سٹیل ہل اور المونیم سُپر اسٹرکچر کا حامل ہے، اس کی لمبائی 68.5میٹر اور چوڑائی 8.7میٹر ہے۔ اور یہ زیادہ سے زیادہ 27ناٹ کی رفتار حاصل کر سکتا ہے۔ یہ جہاز پاکستان کی تجارتی بحری حدود میں تحفظ،تلاش اور اِمدادی امور انجام دینے کیلئے پوری طرح آراستہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ،ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کراچی شپ یارڈ ، سی ایس ٹی سی اور پی ایم ایس اے کو یہ اہم سنگ میل عبور کر نے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور چین کی سدابہار دوستی کا ایک اور تاریخی منصوبہ ہے ۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے کے آغاز اور خصوصی اقتصادی زون میں توسیع سے پاک بحریہ بالخصوص پی ایم ایس اے کی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔اُنھو ں نے سی پیک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہو کہا کہ یہ پاکستان کو خطہ کا تجارتی مرکز بنا دے گا۔ ایڈمرل عباسی نے کہا کہ اگر ہم چین کے بیرونی تجارتی حجم کے صرف دس فیصد حصے سے بھی فائدہ اٹھا سکیں تو یہ ہماری بندرگاہ کے راستے ہونے والی تجارت کے موجودہ حجم کا تقریبا پانچ گنا ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف میری ٹائم سیکٹر میں ہی اتنے امکانات موجو د ہیں جس سے ہماری مجموعی قومی پیداوار میں دو سے تین گنا اضافہ ہوسکتا ہے۔
اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو خطہ کی تجارت کا مرکز بنا دیگا: نیول چیف
Dec 06, 2017