اسلام آباد (آئی این پی ‘صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی اور گیس کے بحران پر قابو پانے کا وعدہ پورا کردیا ہے ،حالیہ برسوں میں پاکستانی معیشت مضبوط ، امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، نواز شریف کسی ادارے سے ناراض نہیں، ان کا موقف اصولی ہے، ہم جمہوری کوششیں جاری رکھیں گے ، جمہوریت کو پٹڑی سے اترتا دیکھنے کے خواہشمند ناکام ہوں گے۔اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا حکومت نے بجلی اور گیس کے بحران پر قابو پا لیا ہے۔ حالیہ برسوں میں پاکستان کی معیشت مضبوط ہوئی جبکہ امن و امان کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت شرح نمو پانچ اعشاریہ تین فیصد ہے ،رواں مالی سال اسے بڑھا کر چھ فیصد تک لے جائیں گے۔حکومت وسائل کے بہتر استعمال کے لئے پالیسیاں ترتیب دے رہی ہے تاکہ پائیدار ترقی ممکن بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا ملک میں اس وقت سات ہزار میگا واٹ اضافی بجلی پیدا ہو رہی ہے،مزید دس ہزار میگا واٹ بجلی بھی جلد سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کسی ادارے سے ناراض نہیں، ان کا موقف اصولی ہے، ہم جمہوری کوششیں جاری رکھیں گے جبکہ جمہوریت کو پٹڑی سے اترتا دیکھنے کے خواہشمند ناکام ہوں گے۔ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا منتخب وزیر اعظم مدت پوری نہیں کر پاتا جبکہ آمر طویل عرصے تک مسلط رہتے ہیں۔