اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نیشن رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی،وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات وزیراعظم ہاﺅس میں ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، خطے کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ دریں اثناءچیف آ ف آ رمی سٹاف جنر ل قمر جا وید با جوہ کی جاپان کے مشیر قومی سلامتی سے ملاقا ت ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپان کے مشیر قومی سلامتی نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک جاپان دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر جاپان کے مشیر قومی سلامتی نے مسئلہ افغانستان کے سیاسی حل کی حمایت کی ۔ علاوہ ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے معروف ماہر تعلیم سید اظہر حسین عابدی نے ملاقات کی ہے ۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں چیف آف آرمی سٹاف نے اظہر حسین عابدی کی جانب سے ملک میں تعلیم کے فروغ میں کی جانے والی خدمات کو سراہا۔ سید اظہر حسین عابدی نے گزشتہ دو دہائیوں میں 15ہزار سے زائد پاکستانی طلباءکو تعلیم کے حوالے سے کونسلنگ کی ہے اور خاص طور پر شہدا کے بچوں کو تعلیم کے شعبے میں غیر ملکی وظائف حاصل کرنے کےلئے خدمات سرانجام دی ہیں ۔ نیشن رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ دونوں رہنماﺅں نے افغان امن کیلئے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ملاقات میں امریکی صدر کی طرف سے افغانستان میں طالبان کو مذاکرات کی میز پرلانے کیلئے تعاون کی اپیل پر خصوصی طورپر غور کیا گیا۔
آرمی چیف/ وزیراعظم ملاقات