واشنگٹن (ایجنسیاں) وائٹ ہاﺅس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹر مپ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو خط بھیجے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ ترجمان نیشنل سکیورٹی کونسل نے خط کی تفصیل بتائے بغیر کہا کہ پاکستان سے افغان امن عمل کیلئے مکمل حمایت کی درخواست کی گئی ہے۔ پاکستان سے افغان مصالحت کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے ساتھ تعاون پر زور دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق خط میں واضح کیا گیا ہے کہ افغان امن عمل میںپاکستان کی مدد پاکسان امریکہ شراکت کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ اپنی سر زمین پر طالبان کے ٹھکانے نہ بننے دے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے 18 این جی اوز کو کام سے روک دیا ہے جو باعث افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی تنظیمیں تو کافی عرصہ سے پاکستان میں کام کر رہی تھیںاور ان میں ہزاروں پاکستانی ملازمت کر رہے تھے۔ دوسری طرف امریکہ نے افغان جنگ میں ناکامی کا برملا اعتراف کرلیا، امریکی جنرل کا کہنا ہے کہ افغانستان سے اچانک انخلا یا حکمت عملی میں تبدیلی نقصان دہ ہوگی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سینیٹ میں آرمڈ فورسز کمیٹی کے روبرو بیان دیتے ہوئے امریکی جنرل میکنزی نے کہا کہ افغان جنگ میں پیشرفت نہیں ہورہی، بڑی تعداد میں افغان فوجیوں کی اموات ناقابل برداشت ہیں، افغانستان سے اچانک انخلا یا حکمت عملی میں تبدیلی نقصان دہ ہوگی۔
امریکہ