کراچی (اسپورٹس رپورٹر )میئرکراچی وسیم اخترنے کہا ہے کہ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی مقابلوں کا دوبارہ شروع ہونا خوش آئند ہے ، نئی نسل کو صحتمند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے ہمیں کھیلوں کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانا ہوگا، کراچی کو گراؤنڈز اور پارکس کی ضرورت ہے، کراچی میں کھیلوں کے میدان ماضی میں چائنا کٹنگ کی زد میں آگئے تھے مگر اب مقامی افراد کی کوششوں سے یہ گراؤنڈز جلد ہی ہاکی، فٹبال، کرکٹ کی زد میں ہوں گے ، ہاکی گراؤنڈ آباد ہونے سے شہر میں رونق آئی ہے، اس قسم کی سرگرمیوں سے نوجوانوں کو نشے اور دیگر منفی سرگرمیوںسے دور رکھنے میں مدد ملے گی، کے ایم سی ، کے ڈی اے، سندھ حکومت سب محکمے کھیلوں کا فروغ چاہتے ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھیں اور بہتری کے لئے قدم بڑھائیں، ہاکی کے فروغ اور سرپرستی میں ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی شام ڈاکٹرجنید علی شاہ ہاکی اسٹیڈیم گلشن اقبال میں میئر کراچی گولڈ کپ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پررکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی، صوبائی وزیر شہلا رضا، ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور، چیئرمین بلدیہ غربی اظہاراحمد خان،صدر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ڈاکٹر جنید علی شاہ، سابق اولمپئن عبدالوحیدخان، حنیف خان، سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم اور ہاکی کے کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجودتھی۔ قبل ازیں میئر کراچی نے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم ڈسٹرکٹ سینٹرل کو جس نے فائنل میں ڈسٹرکٹ ویسٹ کو 4-1 گول سے شکست دی، وننگ ٹرافی دی جبکہ رنرز اپ ٹیم اور ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی انعامات اور شیلڈز دی گئیں۔