کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ 30 سال تک مہاجر کارکنوں اور عوام نے قربانی دی اب مہاجر قیادت کو اپنی اَنا اور مرتبے کی قربانی دینی ہوگی۔ کیونکہ جب تک مہاجر قائدین مشترکہ طورپر مہاجر حقوق کیلئے جدوجہد کرینگے نہ تو مہاجر مسائل حل ہونگے اور نہ ہی مہاجر دشمن قوتوں کور وکا جاسکے گا۔ وہ MIT کے مرکزی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس سے اعجاز شیخ، ندیم خان اور شہزاد الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ مہاجر دشمن قوتیں نہیں چاہتیں کہ مہاجر اپنے حقوق حاصل کرسکیں اسی لئے وہ مہاجروں کو ایک طرف بدنام اور رسوا کررہے ہیں تو ودسری جانب مہاجر سیاست کو دہشت گردی اور ملک دشمنی سے جوڑا جارہا ہے۔ جبکہ مہاجر جو بانی پاکستان ہیں اور انہوں نے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کرکے یہ ملک حاصل کیا اور ملک بچانے کیلئے بھی بے پناہ قربانیاں دیں، آج بھی لاکھوں مہاجر مشرق پاکستان میں ریڈ کراس کے کیمپوں میں اذیت ناک زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چند لوگوں کی سزا پوری قوم کو نہیں دی جاسکتی، مہاجر سیاست اس وقت تک قائم ودائم رہے گی جب تک مہاجروں کے بنیادی حقوق اور مسائل حل نہیں کرلئے جاتے ۔
مہاجر قیادت کو اَنا اور اختلافات کو ختم کرنا ہوگا: ڈاکٹر سلیم حیدر
Dec 06, 2018