کراچی(نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ انسداد تجاوزات مہم میں قانونی مارکیٹوں کے تاجروں کو سڑکوں پر لانے کی کوشش کی گئی۔ تحریک انصاف غریبی مٹانے آئی ہے، غریب نہیں۔ کراچی میں یہ پیغام دینے کی کوشش کی جارہی تھی کہ تحریک انصاف اس کے پیچھے ہے۔ اس کے خلاف ہم نے آواز اٹھائی اور بتایا کہ انسداد تجاوزات آپریشن اور سپریم کورٹ احکامات کی آڑ میں کراچی سے بدلہ لیا جارہا ہے۔ کاروباری طبقے کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی اراکین صوبائی و قومی اسمبلی نے اس پر میٹنگ کی۔ ہم گورنر ہائوس گئے اور گورنر سندھ سے وزیر اعظم سے درخواست کرنے کی بات کی۔ گورنر سندھ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے پاس گئے اور انہیں کراچی میں جاری ظلم و ستم سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم پاکستان نے اٹارنی جنرل کونظر ثانی اپیل دائر کرنے کا حکم دیا۔ یہ پورے کراچی کے لیے خوشخبری ہے اور ہم اس کے لیے وزیرا عظم عمران خان کے شکر گزار ہیں۔ ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ کراچی کی طرف سے نظر ثانی اپیل پر ہمدردانہ غور کیا جائے۔