حاجی غلام علی کے کام ٹڈاپ میں فوراً ہوئے، الزام لگاناگناہ ہے،ایس ایم منیر

کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ اور سابق چیف ایگزیکٹوٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان ایس ایم منیر نے بزنس مین پینل کے سیکریٹری جنرل سینیٹر حاجی غلام علی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے اپنی ایک وڈیواورآڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پورا پاکستان اور حکومتی ادارے اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ میںنے بحیثیت چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ نہ تو کوئی تنخواہ لی اور نہ ہی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے وسائل استعمال کئے حالانکہ میری تنخوا ساڑھے5لاکھ روپے تھی اور مجھے کئی گاڑیاں استعمال کرنے کی اجازت تھی ،میں نے اپنے اس منصب پر رہتے ہوئے بزنس کمیونٹی کی خدمت کی ہے بلکہ میری موجودگی میں ہی حاجی غلام علی کے اپنے کام بھی ٹڈاپ میں فوراً ہوئے،کسی پر الزام لگاناگناہ کبیرہ ہے،خداکا شکر ہے کہ میرے ہوتے ہوئے ٹڈاپ میں ایک پیسے کی بھی بدعنوانی نہیں ہوئی بلکہ میں نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان میں2ارب روپے بھی بچائے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ غلام علی پورے پاکستان کی بزنس کمیونٹی سے جاکر پوچھیں کہ ان کے کام ترجیحی بنیادو پر کرائے گئے اسی لئے ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی 90فیصد اکثریت ہم پر اعتماد کرتی ہے ورنہ آج سب لوگ ٹڈاپ سے پریشان ہیں کیونکہ ان کے کام نہیں ہو رہے۔ایس ایم منیر نے ایف پی سی سی آئی الیکشن کے حوالے سے کہا کہ غلام علی اور انجم نثار مسلسل 5سال ہارے ہیں اور چھٹی بار بھی بھاری اکثریت سے شکست ان کا مقدرہوگی،اگر بزنس کمیونٹی مجھ سے ناراض ہے توپھر وہ ہمارے گروپ کو ووٹ کیوں ڈالتی ہے وجہ یہی ہے کہ ہم نے ان کے صحیح کام کئے ہیں اسی لئے ہمارے گروپ کو ووٹ ڈالا جاتا ہے،میںحاجی غلام علی کو صرف اس لئے جواب دے رہا ہوں کیونکہ انہوں نے میرے بارے میں باتیں کیں جوتمام تر غلط ہیں اور وہ جھوٹ کے سہارے بزنس کمیونٹی کو گمراہ نہیں کرسکتے،میں غلام علی،انجم نثار اور انکے چند ساتھیوں کو ہارنے کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں۔انکا کہنا تھا کہ میںحیران ہوں کہ مسلسل شکست کے بعد بھی بزنس مین پینل کے لوگ ایک اور نئی شکست کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں ورنہ اگر میرا بیٹا ایک بار الیکشن ہار جائے تو میں دوسری بار اسے الیکشن نہیں لڑائونگا، غلام علی اور بزنس مین پینل میں موجود چندافراد انجم نثار کو خراب کررہے ہیں اور انہیں قربانی کا بکرا بنا کر ان کا پیسہ برباد کرارہے ہیں۔ایس ایم منیرنے کہا کہ حاجی غلام علی کے کریڈٹ پر کوئی اچھے کام نہیں ہیں، انہوں نے تو قبرستان کی زمین تک فروخت کرڈالی ۔یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ نے کہا کہ میری طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے اور میرا چائنا میں کامیاب آپریشن ہوا ہے اور اپنے پیروں پر چل رہا ہوں، ہمارا گروپ مقابلے کیلئے ہردم تیار ہے ،ایک وقت تھا کہ غلام علی کی کے پی کے میں حکومت تھی مگر آج وہ خیبرپختونخوا میں اپنا نائب صدر بھی منتخب نہیں کراسکتے، اس کی وجہ انکے منفی کام ہیں،مجھ سے انجم نثار نے 4نائب صدور مانگے میں نے صرف اس لئے رضامندی ظاہر کردی تاکہ سب مل جل کر کام کریں،انجم نثار،زکریا عثمان اور شوکت احمد نے مجھے فون کرکے مبارکباد بھی دی مگر بعد میں یہ لوگ اپنی بات سے مکر گئے، ہم نے تو نیکی کی تھی لیکن جو لوگ برا بوئیں گے ویسا ہی کاٹیں گے،نہ ہم نے کبھی غلط کام کئے اور نہ ہی میں کوئی غلط کام نہیں ہونے دونگا ،ہمارے ہوتے ہوئے ایف پی سی سی آئی میں کوئی بھی بری نگاہ نہیں ڈال سکتا۔یوبی جی کے سرپرست اعلیٰ نے مزید کہا کہ آج ملک بھر میں یو بی جی کاروباری برادری کی خدمت میں پیش پیش ہے،ہمارے چیئرمین افتخار علی ملک،زبیرطفیل،میاں محمدادریس،سینیٹر الیاس بلور سمیت یو بی جی کا ہر فرد بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کام کررہا ہے، 5سال قبل یونائٹیڈ بزنس گروپ کی چٹنی بنانے کے دعویدار اب مسلسل چھٹے سال اپنی ہی بقاء کی فکر کریں،یو بی جی نے بزنس کمیونٹی کے بکھرے ہوئے اعتماد کو بحال کیاہے یہی وجہ ہے کہ پورے ملک میں اپوزیشن کو امیدوار ہی دستیاب نہیں ۔

ای پیپر دی نیشن