سپریم کورٹ آف پاکستان کا سنہری فیصلہ

Dec 06, 2019

مولانا محمد عباس غازی

چیف جسٹس آف سپریم کورٹ عزت مآب آصف سعید کھوسہ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تقرری سے متعلق تاریخ ساز اور سنہری فیصلہ دیا ہے۔ مؤرخ تاریخ میں اس فیصلے کو سنہری حروف میں لکھے گا۔
ملکوں اور قوموں کی تاریخ میں ایسے حالات پیدا ہوتے رہتے ہیں۔ کبھی سیاسی بحران ہے تو کبھی معاشی بحران ہے۔ کبھی آئینی و قانونی بحران ہے تو کبھی انتظامی بحران ہے۔ قومیں اور ملک ایسے بحرانوں سے اپنی بہترین حکمت عملی ، اپنے بہترین طرز عمل اور اپنے بہترین تدبر اور صبر و ضبط کے ساتھ قابو لیتی ہیں۔ قوموں اور ملکوں کی قیادت اپنی اعلیٰ سوچ اور اپنے اعلیٰ طرز عمل سے قوم کو منتشر نہیں ہونے دیتی۔ اُن کی نظریں قوم کے چہروں پر اور انکی انگلیاں قوم کی نبض پر ہوتی ہیں۔ اعلیٰ قیادتیں بروقت بڑے فیصلے کر کے قوم کو متحد اور منظم کر دیتی ہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی تقرری سے متعلق بروقت اور بڑے فیصلے نے پاکستانی قوم کو متحد اور منظم کر دیا ہے۔ قوم ایک فکری انتشار کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئی ہے۔ ہماری دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم پر سپریم کورٹ آف پاکستان کا فیصلہ ضربِ کاری ثابت ہوا ہے۔ دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم اس فیصلے کی آہنی ضرب سے پاش پاش ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے آئین میں چار چیفس ایسے ہیں جن کی اعلیٰ قیادت اور قابلیت، اُن کی بلند نظری، اُن کی دلیری اور بہادری اُن کا حوصلہ ا ور تدبر، اُن کی حکمت عملی اُن کے طرز عمل اور اُن کے فیصلوں پر ہر وقت پوری قوم کی نگاہ رہتی ہے۔ یہ چار چیفس ہیں۔
-1 چیف آف سٹیٹ (صدر مملکت) -2 چیف ایگزیکٹو آف گورنمنٹ (وزیر اعظم) -3 چیف آف آرمی سٹاف (افواج پاکستان) -4 چیف جسٹس آف پاکستان (سپریم کورٹ آف پاکستان)
چیف جسٹس آف پاکستان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آرمی چیف تقرری میں توسیع سے متعلق حکومتی فیصلے میں آئینی و قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کی ہدایت کے ساتھ اُن کی بطور آرمی چیف تقرری عبوری توسیع کو برقرار رکھتے ہوئے چھ ماہ میں آئینی و قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ فیصلہ وسیع آئینی تناظر کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے بھی ایک قومی ادارے کے چیف کی تقرری و توسیع کے عمل کو آسان بنانے کے لیے معاون و ممد ثابت ہو گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ پاکستان کے ایک مایہ ناز چیف جسٹس ہیں۔ اُن کے آئینی و قانونی فیصلوں میں موجودہ اُن کی بصیرت اور دُور اندیشی آئینی باریک بینیوں کو سمجھنے کی صلاحیت اور معروضی حالات پر مکمل ادراک کی صلاحیت بھی نظر آتی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ پوری دنیا کی نگاہیں چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف متوجہ تھیں کیونکہ ا فواج پاکستان کے کمانڈ انچیف کا مستقبل ان کے فیصلے کے ساتھ جُڑا ہوا تھا۔ چیف جسٹس نے کمال مہارت اعلیٰ بصیرت اور تدبر کے ساتھ فیصلہ کر کے افواج پاکستان کے مورال کو بلند کر دیا۔ ملک دشمن قوتیں بطور خاص انڈیا اس صورتحال سے اپنے ناپاک عزائم کو آگے بڑھانا چاہتا تھا۔ چیف صاحب کے فیصلے نے انڈیا کے ناپاک اور مذموم عزائم کے سامنے ایک مضبوط بند باندھ دیا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ صاحب نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط اور ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ یہ بات انڈیا کو اپنی سازشوں اور ناپاک عزائم کی موت نظر آتی ہے۔
ماضی قریب میں انڈیا نے دفاعی لحاظ سے پاکستان کے لیے بڑی مشکلات پیدا کیں۔ ان مشکلات پر قابو پانے کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے انڈیا کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی انڈیا کی خطرناک پلاننگ کو تار تار کرنا جنرل قمر جاوید باجوہ کا تاریخی کارنامہ ہے۔ بلوچستان میں انڈین نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنا جنرل قمر جاوید باجوہ کا عظیم کارنامہ ہے جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ایکشن پلان کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات محنت اور لگن سے کام کرکے مطلوبہ نتائج حاصل کئے۔کراچی میں امن قائم کرنا بہت بڑا چیلنج بن چکا تھا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی بہترین حکمت عملی کے ذریعے پاکستان رینجرز کو میدان میں اتارا اور کراچی کو امن کا گہوارہ بنا دیا۔
قارئین کرام! آپ حیرن ہونگے‘ لیکن آپ شرح صدر اور صمیم قلب کے ساتھ یقین مانیں کہ اگست 2019ء میں جب وزیراعظم عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو آئندہ تین سال کیلئے بھی افواج پاکستان کا چیف مقرر کرنے کا اعلان کیا تو انڈیا میں صف ماتم بچھ گئی اور اب جب سپریم کورٹ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ صاحب کی آئندہ مدت کیلئے تقرری کا معاملہ زیرسماعت تھا تو ان تین دنوں میں انڈیا میں جشن کا سماں تھا۔اور جب سپریم کورٹ کا فیصلہ جنرل باجوہ صاحب کے خلاف نہیں آیا تو انڈیا میں دوبارہ صف ماتم بچھ گئی ہے۔پاکستان دشمن قوتوں کے خلاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اقدامات اورپالیسیوں نے انہیں پاکستانی قوم کی آنکھوں کا تارابنا دیا ہے۔ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان اور جنرل قمر جاوید باجوہ کو سلام پیش کرتی ہے۔
عالمی سطح پر پاکستان کے امیج اور مؤقف کو کامیاب بنانے کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ سالوں میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان جب جنرل اسمبلی سے خطاب کیلئے امریکہ کے دورے پر گئے تو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا بھر کے ممالک کے سربراہ یا ان ملکوں کے نمائندے اجلاس میں شریک تھے۔و زیراعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورۂ امریکہ کے دوران باہم کندھے سے کندھا ملا کر اور قدم بقدم یکجا ہوکر پاکستان کے مؤقف اور پالیسیز کو اقوام عالم کے سامنے پیش کیا۔ اقوام عالم اور پاکستان دشمن قوتوں کیلئے یہ ایک بڑا مضبوط پیغام تھا۔
چین سعودی عرب اور خلیج کے عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی جنرل قمر جاوید باجوہ صاحب نے بڑی گرمجوشی اور بہت اعلیٰ اور کامیاب ڈپلومیٹک کا کردار ادا کیا۔ان ممالک کے کامیاب دوروں سے پاکستان کو بڑے بڑے فوائد حاصل ہوئے۔سی پیک منصوبے کو کامیابی کے ساتھ آگے بڑھانے میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا بہت اہم اور تاریخی کردار ہے۔ پاک فوج ایسے ہی روشن ستاروں سے جگمگا رہی ہے۔پاک فوج چمکتے ہیرے اور موتیوں کی مالا ہے۔ پاکستان زندہ باد… افواج پاکستان زندہ باد
٭…٭…٭

مزیدخبریں