لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں چائلڈ جسٹس کے موضوع پر تیسری تین روزہ ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں چیف جسٹس محمد شمیم خان نے کہا کہ بچوں کے معاملات بہت حساس ہوتے ہیں۔ بچے کسی بھی معاشرے کا مستقبل ہوتے ہیں۔ اگر بچے انصاف سے محروم رہ جائیں تو وہ کبھی بھی ذمہ دار شہری نہیں بن سکتے۔ پاکستان میں ماضی میں بچوں کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جاسکے۔ لیکن لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کی پہلی چائلڈ عدالت لاہور میں قائم کی اور جوڈیشل افسروں کو بچوں کے مقدمات کے حوالے سے تربیتی کورسز کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارے ججز چائلڈ جسٹس کے حوالے سے بہترین کام کر رہے ہیں اور عدالتوں میں بچوں کے لئے پہلے سے زیادہ مناسب ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے مزید کہا کہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی جانب سے اہم ایشوز پر ورکشاپس کا انعقاد قابلِ تحسین ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے جوڈیشل افسر ان تربیتی کورسز اور ورکشاپس کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں گے۔