مخلص، ایماندار قیادت سے پاکستان کے بارے میں غلط تاثر زائل ہو رہا ہے: صدر علوی

لاہور (کامرس رپورٹر) صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ مخلص اور ایماندار قیادت میسر آنے کی وجہ سے پاکستان کے بارے میں بننے والا غلط تاثر زائل ہو رہا ہے۔ پاکستان ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے اور بہتر سکیورٹی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ مقام بن چکا ہے۔ میڈیا معاشرے کا آئینہ ہے اورآج کے دور میں ایڈورٹائزنگ رابطوں کا مجموعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمراء میں ایڈ ایشیا کانفرنس لاہور 2019ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عارف علوی نے کہا کہ آج کے دور میں مختلف قسم کے ذرائع ابلاغ کام کر رہے ہیں۔ میڈیا پر دی جانے والی معلومات بعض اوقات درست نہیں ہوتیں۔ آج کل زیادہ تر اخبارات خبروں کی بجائے آراء پر مبنی ہیں۔ اشتہارات میں درست معلومات اور سچائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 70اور 80کی دہائی کی ایڈورٹائزنگ کا آج کی ایڈورٹائزنگ سے تقابلی جائزہ لیں تو بہت فرق ہے۔ میڈیا ایک طرح سے معاشرے کا آئینہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈورٹائزنگ کا شعبہ دراصل مصنوعات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اخبارات بھی اس وقت اپنی پروڈکٹ بیچ رہے ہیں اور یہ بھی فرق کرنا مشکل ہو گیا ہے کہ نیوز اور ایڈورٹائزنگ میں کیا فرق ہے۔ اسی طرح انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بھی ایسا ہی ہو رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن